چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کوتباہی کا سامنا ہے: عاصم شاہ

Feb 22, 2023


 ملتان (وقائع نگار خصوصی ) آل پاکستان بیڈشیٹ اینڈاپ ہولسٹری مینوفیکچررزایسوسی ایشن کے چیئرمین سید محمد عاصم شاہ نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے پہلے 6ماہ میں برآمدات میں مسلسل کمی اس بات کا ثبوت ہیں کہ ٹیکسٹائل شعبہ حقیقی طور پر مسائل کا شکار ہے۔ مالی وسائل کی کمی، بڑھتی ہوئی شرح سود، سیلز ٹیکس ریفنڈ ز کی ادائیگیوں میں رکاوٹ،طے شدہ عالمی مسابقتی نرخوں پر توانائی کی عدم فراہمی، روپے کی شرح تبادلہ میں عدم استحکام اور خام مال کی درآمد میں رکاوٹ اس کی بڑی وجوہات ہیں ۔انھوں نے کہا کہ درپیش مسائل کی وجہ سے برآمدی شعبہ کی پیداوار ی صلاحیت شدید متاثر ہوئی اور خاص طور پر SMEs (چھوٹی اور درمیانی صنعتوں)کو تباہی کا سامنا ہے۔انہوں نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام معاملات کو بھر پور طور ہر حکومتی سطح پر اٹھایا جائے اور حکومت کو باور کرایا جائے کہ ٹیکسٹائل سے پاکستان کی معیشت جڑی ہوئی ہے اور برآمدات میں مسلسل کمی زرمبادلہ کے ذخائر پر مزید دباو¿کا باعث ہوگا۔ پہلے ہی 50فیصد سے زائد کارخانے بند ہو چکے ہیں اور لاکھوں لوگ بے روز گار ہو چکے ہیں جس سے خدشہ ہے امن وامان کی صورتحال مزید خراب ہو گی۔

مزیدخبریں