سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، 1095 پوائنٹس بڑھ گئی، ڈالر 12 پیسے، سونا 750 روپے تولہ مہنگا

Feb 22, 2024

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو زبردست تیزی کا رجحان رہا اور مارکیٹ ایک بار پھر 61ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گئی۔ مارکیٹ کے سرمائے میں 1کھرب 40 ارب روپے سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 87کھرب روپے سے بڑھ کر 89کھرب روپے پر جا پہنچا جبکہ 69.74فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1094.91پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 60464.24پوائنٹس سے بڑھ کر 61559.16پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح 420.88پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 20297.59 پوائنٹس سے بڑھ کر 20718.48پوائنٹس ہو گیا۔ اسی طرح کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 40736.58 پوائنٹس سے بڑھ کر 41390.49پوائنٹس پر جا پہنچا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر 5پیسے سستا ہو گیا جس کے بعد ڈالر کی قدر 279.65روپے سے کم ہو کر 279.60روپے ہو گئی جبکہ 12پیسے کے اضافے سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 282.32روپے سے بڑھ کر 282.44روپے پر جا پہنچی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 1.02روپے کا نمایاں اضافہ ہوا جس سے یورو کی قدر 303روپے سے بڑھ کر 304.02روپے پر جا پہنچی۔ اسی طرح 87پیسے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قدر 354روپے سے بڑھ کر 354.87روپے ہو گئی۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو 750روپے کے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت 2لاکھ 15ہزار 200روپے ہو گئی۔ اسی طرح 644 روپے بڑھ کر دس گرام سونا 1لاکھ 84ہزار 500 روپے کا ہو گیا۔ جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 6ڈالر کے اضافے سے 2048ڈالر پر جا پہنچا۔

مزیدخبریں