اسلام آباد( این این آئی)عالمی مالیاتی فنڈ نے آئندہ مالی سال کے بجلی ٹیرف کیلئے تفصیلات طلب کرلیں۔آئی ایم ایف نے پاور ڈویژن سے کراس سبسڈی کی تفصیلات طلب کی ہیں، کراس سبسڈی کے باعث صنعتی شعبے پر 473 ارب روپے کا بوجھ ہے،حکومت آئی ایم ایف کو اپنا جواب کل (جمعہ )تک بھجوائے گی۔ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق صنعتی شعبے کیلئے مسابقتی ٹیرف آئندہ مالی سال سے لاگو ہونے کا امکان ہے، وزارت خزانہ نے گردشی قرض کو منجمد رکھنے کیلئے اس سال مکمل مالی معاونت کی، رواں مالی سال گردشی قرض کو فریز رکھنے کیلئے 976 ارب روپے کی فنانسنگ درکار ہے۔ذرائع کے مطابق ڈسکوز کی کم ریکوری کے باعث 263 ارب روپے کے نقصان کا تخمینہ ہے، نیپرا کے مقرر کردہ ترسیلی نقصانات سے زائد کے باعث ڈسکوز کو 201 ارب کا خسارہ ہو گا۔ آئی پی پی کو بروقت رقم ادا نہ کرنے پر 177 ارب روپے کا سود ادا کرنا پڑے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے مطالبے پر ڈسکوز کا انتظامی کنٹرول اس سال کے آخر تک نجی شعبے کے حوالے کر دیا جائے گا۔
آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال کے بجلی ٹیرف کیلئے تفصیلات طلب کرلیں
Feb 22, 2024