لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مریم نواز کی زیرصدارت پارٹی کی پنجاب پارلیمانی پارٹی کا پہلا اجلاس جاتی امرا میں ہوا ۔ اجلاس میں نومنتخب (ن) لیگی ممبران، آزاد اور مخصوص نشستوں کیلئے نامزد ارکان سمیت کل 218 ارکان نے شرکت کی۔ ممبران اور نومنتخب ارکان نے مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کرنے کے قیادت کے فیصلے کی توثیق کردی۔ پارلیمانی پارٹی نے مریم نواز پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کی عوام کے مسائل کے حل کیلئے بھر پور عزم کا اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں جاتی امرا میں نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے بھی ملاقات کی۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ پاکستان خاص طور پر پنجاب کے عوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے نواز شریف کو مینڈیٹ دے کر مسلم لیگ (ن) کو بڑی جماعت کے طور پر کامیاب کیا۔ 16 ماہ کی حکومت میں مشکل فیصلوں کے بعد یہ انتخابات مشکل تھے لیکن پھر بھی عوام نے مسلم لیگ (ن) کو بھاری مینڈیٹ دیا۔ نامزد وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونے کا اعزاز ملا ہے، میں یہ اعزاز پاکستان کی ہر ماں، بہن، بیٹی اور بچی کے نام کرتی ہوں۔ عوام کی خدمت کے سفر کا آغاز ایک نئے جذبے، عزم اور خلوص کے ساتھ کر رہے ہیں۔ نوازشریف کے ویژن کے مطابق پارٹی منشور میں جو کہا وہ کرکے دکھائیں گے۔ ہم سب نے ملکر ملک و قوم کی خدمت کرنی ہے، آپ سب کا اعتماد اور حمایت میرا اصل اثاثہ ہے۔ ہمیں بہت کام کرنا ہے جس کیلئے 5 سال بہت کم ہیں۔ ہیلتھ‘ تعلیم‘ لوکل گورنمنٹ کے شعبے میں بہت چیلنجز ہیں۔ دیہات میں سیوریج‘ صاف پانی فراہمی کا بہت بڑا مسئلہ ہے۔ ہمیںپنجاب کے 297 حلقوں کو 297 ڈسٹرکٹ کے طور پر دیکھنا ہے‘ سیف سٹی پراجیکٹ تمام شہروں میں لیکر جانا ہے، محفوظ پنجاب پروگرام پر کام ‘ ماڈل ویمن پولیس سٹیشن بنانے ہیںاور ٹریفک نظام میں بہتری لانی ہے۔ افسوس سے کہنا پڑتا ہے ملک میں ایک بھی آئی ٹی سٹی نہیں۔ ہم پانچ سالوں میں 5 آئی ٹی سٹی بنا کر جائیں گے۔ میرج‘ ڈیتھ اور کار سرٹیفکیٹ گھر کی دہلیز پر ملیں گے۔ خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔ نرسز کیلئے انسٹیٹیوٹ اور صحت کارڈ ای ڈیزائن کر کے پرائیویٹ اور سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی سہولت فراہم کریں گے۔ نوجوانوں کو بلاسود قرضے ‘پنجاب میں پہلی ائیر ایمبولینس شروع کریں گے۔ کڈنی‘ لیور‘ ہارٹ اور کینسر کے ہسپتال بنائیں گے۔ پنجاب میں پبلک پارٹنرشپ پر سکول چلائیں گے۔ میری پوری کوشش ہو گی کہ عوام کے اعتماد پر پورا اتروں۔ صوبے کے تمام 297 حلقوں کو اضلاع کے طور پر لیں گے اور ڈیجیٹلائزیشن کے تحت آئی ٹی سٹیز‘ صحت کا نظام‘ تعلیم‘ امن و امان‘ ائیر ایمبولینس پروگرام سمیت دیگر بڑے منصوبے شروع کریں گے تاکہ 5 سال بعد پنجاب میں ترقی اور خوشحالی ہو۔ نامزد وزیراعلیٰ مریم نواز نے شرکاء کو ظہرانہ بھی دیا جس میں شرکاء کیلئے مٹن و چکن قورمہ‘ فرائی فش‘ پلاؤ‘ گاجر کا حلوہ اور کشمیری چائے کا اہتمام کیا گیا۔
پنجاب میں نوجوانوں کو بلاسود قرض، ایئر ایمبولینس، تعلیم کے منصوبے شروع کرینگے: مریم نواز
Feb 22, 2024