حافظ آباد:انتظامیہ کی غفلت ،گلیوں میں گنداپانی جمع، شہری سراپا احتجاج 

حافظ آباد( نمائندہ خصوصی +نمائندہ نوائے وقت) محلہ حسن ٹائون ، مبارک کالونی اور بہاولپور ہ کے مکین گلیوں میں کئی کئی فٹ گنداپانی کھڑا ہونے اور علاقہ میں صفائی ستھرائی نہ کروائے جانے پر ایڈمنسٹریٹر چیف آفیسرمیونسپل کمیٹی کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ علاقہ مکینوں نے گلیوں میں گذشتہ کئی روز سے مسلسل گنداپانی کھڑا ہونے کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ قبرستان روڈ، حسن ٹائون، مبارک کالونی اور محلہ بہاولپور ہ میں گلی مسجد حیدریہ والی سمیت متعدد علاقے گندے پانی میں ڈوب چکے ہیں ۔جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں صفائی ستھرائی کے تمام دعوے کھوکھلے ثابت ہورہے ہیں۔علاقہ مکینوںنے کہا کہ اسوقت میونسپل کمیٹی ایک سفید ہاتھی بن چکی ہے جسے  لوٹ مار کے بعد کنگال کر دیا گیا ہے ۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر سندس ارشاد سے مطالبہ کیا کہ وہ حسن ٹائون، مبارک کالونی کے علاقوںکا دورہ کرکے یہاں کے عوام کی ابتر حالت کا مشاہدہ کریں اور علاقہ کو جوہڑ میں تبدیل ہونے سے بچائیں۔وگرنہ علاقہ مکین فوارہ چوک میں احتجاجی دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن