لاہور(نامہ نگار)پاکستان کے دورے پر آئے ڈچ ہاکی کلب ٹیم کے کھلاڑیوں نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈچ ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچ اور آفیشلز کو خوش آمدید کہا۔ چیف سپورٹس آفیسر ڈی آئی جی اطہر اسماعیل نے ڈچ ہاکی کھلاڑیوں کو سنٹرل پولیس آفس کے مختلف فلورز کا وزٹ کروایا، ڈچ کھلاڑیوں کو سنٹرل پولیس آفس کی شہدا ء و غازی والز اور وال آف لیجنڈز پر کندہ پولیس ہیروز کے کارناموں سے آگاہ کیا گیا، ڈچ ہاکی کھلاڑیوں کو پنجاب پولیس کے قومی ہاکی ٹیم میں شامل سابق لیجنڈ کھلاڑیوں اور دیگر سپورٹس مین بارے بھی آگاہی دی گئی۔ ڈچ ہاکی پلئیرز کو سنٹرل پولیس آفس آڈیٹوریم، میوزیم اور دیگر حصوں کا دورہ بھی کروایا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈچ پلئیرز کو پنجاب پولیس میں سپورٹس کے فروغ کیلئے جاری اقدامات بارے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ہاکی کے فروغ اور سرپرستی کیلئے مشترکہ اقدامات بارے غور کیا گیا، ڈچ ہاکی کلب کے کھلاڑیوں کو سنٹرل پولیس آفس کے لان میں ظہرانہ بھی دیا گیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈچ ہاکی پلئیرز کو پنجاب پولیس کی طرف سے سووینئرز دیئے، ڈچ ہاکی کلب کے کھلاڑیوں اور عہدیداران نے آئی جی پنجاب کو تحائف پیش کئے۔