جے یو آئی پنجاب کی مجلس عاملہ کا اجلاس ،انتخابی نتائج مسترد 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جے یو آئی پنجاب کی مجلس عاملہ کا اجلاس جامعہ مدنیہ جدید رائیونڈ لاہور میں صوبائی امیر مولانا محمود میاں کی زیر صدارت ہوا۔ صوبائی سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار نے ایجنڈے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں جمعیت علماء اسلام پنجاب نے انتخابی نتائج کو مسترد کردیا اور انتخابات میں دھاندلی کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔ اس سلسلے میں تحریک کے لائحہ عمل کیلئے جے یو آئی کی صوبائی جنرل کونسل کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ صوبائی سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار نے فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام پنجاب کی صوبائی جنرل کونسل کا اجلاس 5 مارچ کو لاہور میں ہوگا۔ جے یو آئی پنجاب نے مولانا فضل الرحمن کی قیادت پر اظہار اعتماد اور ان کے فیصلوں کی تائید کا اعلان کیا ہے اور اعلان کیا کہ جمعیت علماء اسلام پنجاب مرکزی جماعت کی حکمت عملی کی تائید کا اعلان کرتی ہے۔ دھاندلی زدہ انتخابات سے ملک کا وقار مجروح ہوا ہے اور عوام کا اعتماد انتخابی اور جمہوری عمل سے مجروح ہوا ہے۔جمعیت علماء اسلام کے مینڈیٹ کو چوری کرکے اور سرمایہ کی بنیاد پر لوگوں کو سیٹیں الاٹ کی گئیں۔ اجلاس میں حافظ غضنفر عزیز، مولانا جمال عبدالناصر، ڈاکٹر عبدالمعین قریشی، مفتی عبدالخالق مہار، اسید الرحمن خواجہ و دیگر نے شرکت کی۔ 

ای پیپر دی نیشن