اسلام آباد(خبرنگار)نگران وفاقی وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر سال 2 لاکھ 50 ہزار افراد ٹی بی کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، پاکستان دنیا بھر میں ٹی بی کیسز کے حوالے سے پانچویں نمبر پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی بی ہسپتال کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی بی کا مرض پاکستان کا بہت بڑا مسئلہ ہے، اس کا علاج اور بچائو ممکن ہے، گلوبل فنڈ کے ساتھ مل کر نئے پروگرام میں 200 ملین ڈالر سے زیادہ کی امداد پر آمادگی کا اظہار کیا ہے جو ٹی بی، ملیریا، ایچ آئی وی ایڈز جیسی بیماریوں کے علاج معالجہ اور بچائو پر خرچ کی جائے گی۔