سینیٹر فیصل جاوید کے وارنٹ منسوخ، فرخ حبیب توڑپھوڑ مقدمہ سے ڈسچارج 

Feb 22, 2024

اسلام آباد (وقائع نگار) سینئر سول جج قدرت اللہ کی عدالت نے تھانہ بنی گالہ میں درج مقدمہ میں سینیٹر فیصل جاوید کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے اشتہاری قرار دئیے جانے کی کارروائی بھی روک دی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران فیصل جاوید اپنے وکلاء سردار مصروف خان اور دیگر کے ہمراہ عدالت پیش ہوگئے اور وارنٹ گرفتاری منسوخی کی درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی قیادت کے خلاف جاری کارروائیوں کے باعث مختلف خدشات کے پیش نظر عدالت پیش نہ ہو سکے اور اب قانون کی بالادستی کیلئے عدالت سرینڈر کیا ہے۔ انسداد دہشتگری عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں سابق وزیر مملکت فرخ حبیب کو مقدمہ سے ڈسچارج کر دیا۔ گذشتہ روز درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کے دوران سابق وزیر مملکت فرخ حبیب اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں فرخ حبیب کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کی دس مئی واقعات کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما عامر مغل اپنے وکیل سردار مصروف خان اور آمنہ علی کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاگیا کہ اس کیس میں دیگر ملزموں کی قبل از اور بعد گرفتاری دونوں ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں۔ کچھ مشکل حالات کی وجہ سے پہلے عدالت پیش نہیں ہو سکے، اب عدالت کے سامنے سرنڈر کیا ہے۔ میرے موکل نے الیکشن میں حصہ لیا اور جیتا بھی ہے تاہم عذرداری کا معاملہ چل رہا ہے۔ استدعا ہے کہ میرے موکل کی ضمانت کنفرم کی جائے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 29 فروری تک کے لئے ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں