لاہور(نامہ نگار)ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان پیپلز پارٹی اور این اے 131سے امیدوار قومی اسمبلی چودھری منظور احمد نے کہا ہے کہ ڈی پی او قصور ہمارے لوگوں کے خلاف الیکشن سے پہلے اور اب بھی پرچے دے رہے ہیں۔یہ پیٹرن ہمیں ہر جگہ نظر آرہا ہے۔ ڈی پی او قصور نا اہل اور کرپٹ افسر ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور کی عدالت میں رٹ دائر کرنے کے بعد صدر پی ایل ایف راحیل چیمہ،عثمان ملک ،رانا جواد اور راؤ خالد کیساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری منظور احمد نے کہا کہ ڈی پی او قصور کے خلاف مسلم لیگ ن کے منتخب ایم این اے رانا حیات کی پریس کانفرنس ہمارے موقف کی تائید ہے۔انہوں نے متنبہ کیا کہ ہمارے کسی کارکن یا لیڈر کے خلاف اب مقدمہ درج ہوا تو بھرپور احتجاج کریں گے اور حق لینے کیلئے عدالتوں سمیت تمام فورم استعمال کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کل ڈی پی او قصور آفس کے سامنے دھرنا دیں گے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے فنانس سیکرٹری رانا جواد نے کہا کی الیکشن سے 9 روز قبل ایس پی آپریشن علی رضا نے پاس بٹھا کر میرے خلاف ایف آئی آر درج کرائی۔ بدنام زمانہ ٹولے اور پولیس کے ذریعے ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سب کچھ دیکھنے کے باوجود آئی جی پنجاب کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔