صوفی بزرگ حضرت داتا گنج بخش کے نو سو سڑسٹھویں عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز کل دودھ کی سبیل کے افتتاح سے ہوگا۔ صوبائی وزیر مذہبی امور احسان الدین قریشی اور چیئرمین دربار کمیٹی اسحاق ڈار عرس کا افتتاح کریں گے۔ اتوار سے شروع ہونے والی عرس کی تین روزہ تقریبات میں قومی محافل قرات و نعت، تبلیغی و روحانی اجتماعات، سید ہجویر تصوف سیمناراور مشاعرہ منقبت کا انعقاد کیا جائے گا۔ بین المدارس و جامعات مقابلہ حسن قرات و تقریر اور محفل سماع کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ سجادہ نشین درگاہ خواجہ معین الدین چشتی اجمیر شریف صاحبزادہ پیر سید محمد بلال چشتی، سجادہ نشین درگاہ عالیہ گولڑہ شریف حضرت پیر سید غلام معین الحق الگیلانی، سجادہ نشین آستانہ حضرت شیر ربانی شرقپور شریف، صاحبزادہ حافظ میاں ابوبکر، صدر تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان مفتی محمد منیب الرحمن سمیت دیگر ملکی و غیر ملکی ممتاز دینی شخصیات کریں گی۔ ہزاروں زائرین کی آمد کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات اور زائرین کیلئے لنگر کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ عرس کے تیسرے روز چہلم حضرت امام حسین کے پیش نظر درگاہ سے ملحقہ بازار بند رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔