ریاض پیرس ( اے پی پی نوائے وقت رپورٹ) مالی میں فرانسیسی فوج کی جانب سے باغیوں کے خلاف فضائی اور زمینی آپریشن تیز کر دیا گیا، دیابلے شہر پر باغیوں کا قبضہ برقرار ہے۔ پیر کو ذرائع ابلاغ کے مطابق مالی میں باغیوں کے خلاف گن شپ ہیلی کاپٹر اور لڑاکا طیاروں کے ذریعے فضائی آپریشن تیز کر دیا گیا جبکہ زمینی آپریشن بھی جاری ہے۔ فرانسیسی فوج دیابلے شہر کا قبضہ چھڑانے کیلئے پیشقدمی کر رہی ہے۔ بھاری تعداد میں بکتر بند گاڑیوں اور دیگر سازوسامان کے ساتھ فوج دیابلے شہر کے قریب پہنچ گئی ہے۔ فوجی ذرائع کے مطابق فرانسیسی فوج نے 24 گھنٹوں کے دوران باغیوں کی درجنوں گاڑیوں کو تباہ کر دیا ہے۔ فوج کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق آپریشن کے باعث ہزاروں افراد اپنے گھر خالی کرکے چلے گئے ہیں۔ مالی کے مختلف شہروں میں لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ادھر ریاض میں دو روزہ عرب سربراہ کانفرنس میں مصری فدر مرسی نے حال ہی میں فوجی مداخلت کی مخالفت کر دی ہے۔