لشکر طیبہ‘ جماعتہ الدعوة کو خوش کر کے بھارتی وزیرداخلہ نے سب سے بڑی دہشت گردی کی: آر ایس ایس‘ بیان پر قائم ہوں: شندے

نئی دہلی (اے پی اے + آن لائن) بھارت کی انتہا پسند ہندو تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے بھارتی وزیر داخلہ سشیل کمار شندے کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الزام تراشی کے ذریعے لشکر طیبہ اور جماعة الدعوة جیسی بھارت دشمن تنظیموں کو خوش کرنا سب سے بڑی دہشت گردی ہے۔ دوسری جانب بھارتی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ تنقید کے باوجود وہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے بارے میں اپنے بیان پر قائم ہیں۔ آر ایس ایس نے کہا ہے کہ شندے نے بھارت کو حقیقی دہشت گرد قرار دے کر لشکر طیبہ اور جماعة الدعوة کو بے حد مسرور کیا ہے اور پاکستان کی ان جماعتوں نے شندے کے بیان کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ آر ایس ایس کے ترجمان رام مدھاوا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ بھارت مخالف بیانات سے شدت پسندوں کے ڈارلنگ بن چکے ہیں۔ آج پاکستانی میڈیا پر بھی بھارتی وزیر کو ان بیانات پر کافی پذیرائی ملی اس سے بڑی بات اور کیا ہو گی۔ لشکر طیبہ اور جماعة الدعوة کے سربراہ تک نے اسے خوش آئند قرار دیا جو ہماری ازلی دشمن ہیں، شندے نے کہا ہے کہ جو انہوں نے کہا وہی میڈیا نے شائع کیا تو شندے کو چاہئے کہ وہ بھارت کی وزارت چھوڑیں اور نیوز رپورٹر بن جائیں۔ واضح رہے شندے نے کہا تھا کہ سمجھوتہ ایکسپریس سمیت تمام دہشت گرد کارروائیوں کا ذمہ دار بھارت اور اس کی شدت پسند جماعتوں کے قائم کئے گئے دہشت گرد کیمپ ہیں۔

ای پیپر دی نیشن