بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھل جائیں گے‘ پاکستان سپر لیگ نئی تاریخ رقم کریگی : محمد الیاس


 لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ملکی کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کرے گی جس کا تمام کریڈٹ چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف کو جاتا ہے۔ ”نوائے وقت“ کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کا شمار دنیا کی بہترین کرکٹ میں ہوگا جس کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ لیگ میں غیرملکی کھلاڑیوں کی شمولیت سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بھی کھل جائیں گے جو کہ 2009ءکے واقعہ کے بعد بند ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ لیگ کے لئے جس طرح کی تیاریاں کر رہا ہے اس سے پاکستان میں جدید کرکٹ کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو غیرملکی کھلاڑیوں کے ساتھ بھی کھیلنے کا موقع ملے گا اور ان کی مالی حالت بھی بہتر ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی تک جتنی بھی پیشرفت ہوئی اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، پی ایس ایل کے انعقاد سے انشااﷲ مستقبل میں پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بھی بحال ہونے میں مدد ملے گی۔ چیئرمین پی سی بی چودھری ذکاءاشرف نے ایک ایسا اقدام اٹھایا جس سے بورڈ کی مالی حالت میں بھی بہتری آئے گی یہ کسی بہت بڑے چیلنج سے کم نہیں ہے تاہم جس ٹیم کا انتخاب کیا گیا وہ اسے کامیاب بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ محمد الیاس نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے دورہ جنوبی افریقہ کا بھی فائدہ اٹھاتے ہوئے میزبان بورڈ کو راضی کیا جائے کہ وہ اپنے زیادہ سے زیادہ کھلاڑی پاکستان سپر لیگ میں شامل کرائے۔ سیکورٹی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں یہاں ڈومیسٹک کرکٹ کے میچز تمام شہروں میں ہو رہے ہیں جبکہ قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے ثابت کیا تھا کہ پاکستانی شائقین کھیلوں سے کتنا پیار کرتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...