لاہور/کراچی ( سپورٹس رپورٹر/نیوز ایجنسیاں) سری لنکا کیخلاف شارجہ میں تاریخی کامیابی کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کا وطن واپس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔سری لنکا کو شکست دینے والے قومی کرکٹ ٹیم کے 8 کھلاڑی اور آفیشلز دبئی سے لاہور پہنچے، دبئی سے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی احمد شہزاد، محمد طلحہ، مصباح الحق، اظہرعلی، عبدالرحمن، راحت علی سمیت دیگر کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ کے عہدیدار وطن واپس پہنچ گئے۔علامہ اقبال ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا انہوں نے کوچ ڈیوڈ واٹمور کو آخری میچ جیت کر تحفہ دیا، میچ میں اظہر علی اور سرفراز احمد نے اچھی بیٹنگ کی جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچ جیتنے کی بہت خوشی ہے۔ سری لنکا کے خلاف موثر کارکردگی سے قومی ٹیم کا مورال بلند ہوا۔ مصباح الحق نے مزید کہا کہ دباو میں ٹیم کو جیت کی اشد ضرورت تھی۔ ہم کسی دباؤ کا شکار نہیں تھے۔جب اننگز شروع ہوئی تو کھلاڑیوں کو واضح پیغام تھا کہ ہر قیمت پر میچ جیتنے کے لئے جانا ہے حتیٰ کہ ہمیں سیریز میں ایک کے بجائے دو صفر سے شکست کیوں نہ ہو جائے۔ کھلاڑیوں کے ذہن کلیئر تھے اس لئے وہ مثبت کھیلے۔ مصباح نے کہ یہ میری قیادت میں پاکستان کی بہترین اور یادگار فتوحات میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کو وائٹ واش کرنا یادگار سیریز تھی لیکن اتنا بڑا ہدف عبور کرنا خواب کی تعبیر ہے۔کھلاڑیوں کی انتھک محنت سے نتیجہ ہمارے حق میں ہوا ہییہی وجہ ہے کہ پورے میچ میں مثبت کھیلے۔انہوں نے کہا کہ حفیظ کو ڈراپ کرنا مشکل فیصلہ تھا وہ ون ڈے سیریز میں تین سنچریاں بنا چکا تھا۔پھر اظہر علی بھی پندرہ سولہ اننگز میں ایک ہی نصف سنچری بنا سکا تھامصباح نے کہا کہ انگلینڈ اور جنوبی افریقا جیسی ٹیموں کو ہم نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ہرا رہے ہیں اس ٹیم میں یونس خان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی نہیں ہے جس نے پچاس ٹیسٹ کھیلے ہوں۔کم تجربہ کار کھلاڑی ہونے کی وجہ سے مستقل مزاجی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خوشی کا موقع ہے کسی کے خلاف کوئی بات نہیں کروں گا۔ اظہر علی کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ ان کے لئے دعائیں کرتی ہیں اور ان کی دعاؤں کی بدولت وہ شاندار کھیل کا مظاہرہ کر سکے۔دوسری طرف ٹیم کے منیجر معین خان، اسدشفیق، خرم منظور اوروکٹ کیپر سرفرازاحمد دبئی سے کراچی ائیرپورٹ پہنچے تو بڑی تعداد میں لوگوں نے ان کا شاندار استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے منیجر معین خان نے کہا کہ مجموعی طور پر ٹیم کی کارکردگی قابل تعریف رہی۔ٹیم منیجر معین خان کے ہمراہ وکٹ کیپر سرفراز احمد، خرم منظور اور اسد شفیق دبئی سے کراچی پہنچ گئے۔معین خان نے کہا آخری میچ میں فتح یاب ہو کر سری لنکا کے خلاف سیریز برابر کرنا اعزاز کی بات ہے۔پہلی اننگز کے علاوہ ٹیم نے پورے میچ میں اچھا کھیل پیش کیا۔ امید ہے تمام کھلاڑی اپنی کارکردگی میں تسلسل کو بر قرار رکھیں گے۔اس موقع پر قومی ٹیم کے وکٹ کیپر سرفرازحمد کا کہنا تھا کہ آخری میچ میں سب لڑکوں نے بھرپور فائٹ کی جس کا نتیجہ فتح کی صورت میں ملا۔ کوشش ہو گی کہ آئندہ بھی اچھا کھیل پیش کریں۔