لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی صورتحال سے لگتا ہے کہ حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، نہ یہ خود کچھ کرتے ہیں اور نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں، اگر یہ ڈرون حملے نہیں روک سکتے تو مہنگائی کے ڈرون کو ہی روک لیں۔ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کو کنٹرول کر لیں تو سارے معاملات کنٹرول ہو جائیں گے، اس سلسلے میں ہم حکومت کو ایک بار پھر مشورہ دیتے ہیں کہ وہ مہنگائی کے مسئلہ پر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں۔ تمام معاملات کو پیچھے چھوڑیں اسے اولیت دیں، بجلی کے بغیر تو انسان گزارہ کر سکتا ہے مگر کھانے پینے کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا اگر بروقت مہنگائی کو کنٹرول نہ کیا گیا تو ایسا بحران آئے گا جس سے نکلنا کسی کے بس میں نہیں ہو گا، ملکی معیشت کا انحصار اس بحران کو کنٹرول کرنے میں ہے۔ قبل ازیں پاکستان سول سوسائٹی آف پیس کی دعوت پر یہاں آنے والے سول سوسائٹی آف امریکہ کے وفد نے چودھری شجاعت اور چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چودھری شجاعت نے کہا کہ پاکستان امریکہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ ملنا چاہتے ہیں اس لیے دونوں ممالک اس سلسلے میں پیش رفت کریں۔