کراچی، لاہور (سٹاف رپورٹر + صباح نیوز) پی آئی اے کے دو طیارے حادثے سے بال بال بچ گئے۔ یہ طیارے فضا میں اچانک آمنے سامنے آگئے تھے جس کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد یوسف نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ سول ایوی ایشن کے مطابق پی آئی اے کے یہ دونوں طیارے تھے جن میں ایک طیارہ لینڈنگ کر رہا تھا دوسرا فضا میں بلند ہو رہا تھا کہ وہ ایک دوسرے کے نزدیک سے زن سے گزر گئے ان طیاروں کے درمیان ایک ہزار فٹ کا فاصلہ رہ گیا تھا یہ واقعہ دوپہر تین بجے ہوا سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس واقعے کے ذمہ دار ائر ٹریفک کنٹرولرز کو معطل کر دیا لیکن یہ بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ واقعہ انسانی غلطی ہے۔ علاوہ ازیں پی آئی اے کا ایک اور طیارہ خراب ہو گیا۔ تین دن میں تیسرا طیارہ خرابی کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر گراؤنڈ کر دیا گیا، متعدد پروازیں بھی منسوخ ہو گئیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پی آئی اے کی ناقص کارکردگی کے باعث تین دن میں پی آئی اے کا تیسرا طیارہ گراؤنڈ کردیا گیا۔ اے ٹی آر طیارہ لاہور ائرپورٹ پر پرواز سے پہلے انجن فیل ہونے کی وجہ سے پرواز نہ کر سکا اور اسے گراؤنڈ کردیا گیا۔ اسلام آباد سے سکردو جانے والی پرواز پی کے 453 اور اسلام آباد سے پشاور، چترال جانے والی پرواز پی کے 660 جبکہ لاہور سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 650 منسوخ کر دی گئیں۔
کراچی ائرپورٹ پر پی آئی اے کے دو طیارے تصادم سے بچ گئے
Jan 22, 2015