پاور پلانٹس چلانے کیلئے فرنس آئل کا ذخیرہ ختم ہونے کا تاثر غلط ہے، لوڈشیڈنگ میں اضافے کا کوئی امکان نہیں: وزارت پانی و بجلی

Jan 22, 2015

اسلام آباد (آئی این پی) وزارت پانی و بجلی کے حکام نے اس تاثر کو غلط اور بے بنیاد قرار دیا ہے کہ پاور پلانٹس کو چلانے کیلئے فرنس آئل کا ذخیرہ ختم ہونے والا ہے۔ وزارت کے سینئر حکام نے بتایا کہ وزارت پانی و بجلی کے پاس 15فروری تک فرنس آئل کا ذخیرہ موجود ہے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کسی قسم کے اضافے کا کوئی امکان نہیں اور اس حوالے سے وزیر اعظم نوازشریف کی ہدایات کی روشنی میں فرنس آئل کی مزید خریداری کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق 12ہزار 600 میٹرک ٹن فرنس آئل کا ذخیرہ اس وقت ملک میں موجود ہیں جبکہ مزید 4 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل آئندہ ایک یا دو روز میں پہنچ جائے گا جبکہ حالیہ دنوں میں نہروں کی صفائی کی وجہ سے ہائیڈل پر بجلی کی پیداوار میں کچھ کمی ہوئی ہے اور 25 جنوری سے 700 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی۔

مزیدخبریں