مکرمی! عوام کش وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے طرز عمل سے محسوس ہوتا ہے کہ اُنہوں نے واقعی غریب و متوسط طبقہ کے عوام کا کچومر نکالنے کا عزم صمیم کررکھا ہے۔ روز نت نئے ٹیکس لگا کر عوام کو پریشان کرکے خودکشیوں پر مجبور کررہے ہیں کیونکہ ٹیکسوں کی بھرمار نے مہنگائی کا اس قدر طوفان بدتمیزی برپا کررکھا ہے کہ غریب عوام کے لئے اپنے کنبہ کے نان و نفقہ کی ضروریات پورا کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہوچکا ہے اور مجبوراً تنگ آکر اُنہیں اپنے ہاتھوں سے ہی موت کو گلے لگانا پڑتا ہے۔ ’’ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف صاحب خدارا اپنے وزیر خزانہ کو روکیںتاکہ وہ غریب عوام کا مزید استحصال نہ کریں۔ مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کا پیمانہ صبر اب لبریز ہوچکا ہے اور یوں اُنہیں مجبوراً سڑکوں پر آنا ہوگا اور پھر عوام کے بحر بیکراں کے آگے آپ کی حکومت کا سنبھلنا ناممکن ہوکر رہ جائیگا۔ اسحاق ڈار نواز شریف حکومت کے لئے آستین کے سانپ کا درجہ رکھتے ہیں۔ (ابوسعدیہ سید جاوید علی شاہ۔ سیالکوٹ)