لاہور + اسلام آباد (این این آئی + آن لائن + نامہ نگار) پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کی لہر جاری ہے بعض مقامات پر حد نگاہ 6 میٹر سے بھی کم رہ گئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے پنجاب کے میدانی علاقوں ، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔ راولپنڈی اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک ہے جبکہ گہری دھند ہونے سے نظر کی حد دس سے پندرہ فٹ رہ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے اور بالائی سندھ دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ سب سے کم حد نگاہ جوہر آباد میں 50 میٹر جبکہ بہاولپور100، ساہیوال، سکھر 200 ، راولپنڈی، گوجرانوالہ 300، ڈی جی خان، منگلا 500، لاہور، فیصل آباد، نوابشاہ اور گجرات میں 1000میٹر ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کل کم سے کم درجہ حرارت سکردو منفی 11، استور منفی 10، کالام، گوپس منفی 07، راولاکوٹ منفی 06، دیر، ہنزہ، گلگت منفی 05، پاراچنار، ژوب، کوئٹہ منفی 04، دالبندین منفی 03، مالم جبہ منفی 02، بونجی، سبی، ایبٹ آباد، لوئردیر، بنوں میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ تحصیل پپلاں میں بھی شدید دھند کا راج ہے ٹریفک کا نظا درہم برہم ہو گیا۔ سردی کے باعث لکڑی کی قیمت 400 سے 600 روپے تک پہنچ گئی۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ائرپورٹ پر شدید دھند کی وجہ سے دو پروازوں کو لاہور اتار لیا گیا۔ بنکاک سے اسلام آباد پہنچنے والی تھائی ایئر لائنز کی پرواز کو دھند کی وجہ سے لاہور اتار لیا گیا، تھائی ائر انتظامیہ نے تمام مسافروں کو ہوٹل منتقل کر دیا۔جدہ سے اسلام آباد پہنچنے والی ایئربلیو کی پرواز کو دھند کی وجہ سے لاہور اتار لیا گیا، پرواز کی منزل تبدیل کرنے پر ائر بلیو کے مسافروں کی انتظامیہ کے خلاف ہنگامہ آرائی کی ۔ انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کو بذریعہ بس اسلام آباد بھجوائے جانے کے فیصلے پر مسافر سیخ پا ہو گئے اور عملے سے تلخ کلامی ہوئی۔ شدید دھند کی وجہ سے لاہور سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 656کو واپس لاہور اتار لیا گیا۔ دوسری جانب خراب موسم، طیاروں کی کمی اور ان میں پیدا ہونے والی فنی خرابیوں کے باعث لاہور ائرپورٹ پر آنے جانے والی 7 پروازیں منسوخ جبکہ 10سے زائد پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں۔
دھند جاری، کئی مقامات پر حد نگاہ 6 میٹر سے بھی کم، 7 پروازیں منسوخ
Jan 22, 2016