گیس بحران مزید سنگین ہو گیا، نارنگ منڈی میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے، نعرے

Jan 22, 2016

لاہور + نارنگ منڈی (کامرس رپورٹر+ نامہ نگار) شدید سردی اور دھند کے باعث گیس بحران مزید سنگین ہوگیا ہے۔ لاہور کے بیشتر علاقوں میں گیس پریشر میں شدید کمی ہوگئی ہے۔ شہریوں کی جانب سے گیس کے لئے کمپریسر اور گیس پمپس کا استعمال بلا روک ٹوک جاری ہے، سوئی نادرن بھی خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ گیس پمپس کے استعمال سے دیگر صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور دیگر صارفین کے گھروں میں گیس نہیں آرہی ہے۔ گیس کا شارٹ فال 1550 ملین کیوبک فٹ رہا۔ سوئی ناردرن کے صوبے بھر میں گیس بندش کے خلاف شدید مظاہرے کئے گئے۔ پائپ لائنوں میں گیس جمنے اور گیس کی ڈیمانڈ بڑھنے سے گیس بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے۔ لاہور میں شالیمار، باغبانپورہ، ہربنس پورہ، سوامی نگر، گھوڑے شاہ، چاہ میراں، سلطان پورہ، سمن آباد، اچھرہ، ملتان روڈ، اسلامیہ پارک، شام نگر، بند روڈ، ریلوے کالونیوں، گلبرگ، کینٹ، ڈیفنس، ماڈل ٹائون، فیصل ٹائون، اقبال ٹائون سمیت دیگر علاقوں میں گیس بحران شدید رہا۔ اس کے علاوہ ایل پی جی سمیت دیگر ایندھن کے ذرائع کا استعمال بڑھ گیا ہے۔ علاوہ ازیں نارنگ منڈی وگردونواح میں سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ سے اکتائے لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ انہوں نے کہا حکومت کی بدترین نااہلی کا ثبوت ہے حکومت لوڈشیڈنگ پرکئی سال گزرنے پر بھی قابو نہیں پا سکی۔ اگر حکومت نے سوئی گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ پرقابو نہ پایا تو یہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا آخری دور ثابت ہو گا۔ حکومت عوام کا امتحان لے رہی ہے جو حکومت کو مہنگا پڑے گا۔ حکومت بجلی اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ پر فوری قابو پائے۔ 

مزیدخبریں