لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی ڈویژن بنچ نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کے راستے میں سڑکوں کی اکھاڑ پچھاڑ، متبادل روٹس کی عدم فراہمی اور تاریخی عمارتوں کو متاثر کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر حکومت پنجاب کو تحریری جواب داخل کرنے کا موقع دیتے ہوئے سماعت 25 جنوری تک ملتوی کر دی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ واضح منصوبہ بندی کے بغیر شروع کیا گیا۔ حکومت پنجاب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اورنج ٹرین منصوبہ سی پیک منصوبے کا حصہ ہے، معاملہ حساس ہونے کی بناء پر اسکی دستاویزات عدالت میں پیش کرنا مناسب نہیں۔ جس پر عدالت نے کہا کہ اگر عدالت کو ضرورت محسوس ہوئی تو جائزہ لینے کے لئے دستاویزات طلب کر لے گی۔