دہشت گردی کیخلاف پاکستانی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں: امریکہ , چین

واشنگٹن،بیجنگ، اسلام آباد (اے پی پی+آئی این پی+سپیشل رپورٹ) امریکہ نے چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ امریکہ چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور اس حملے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور دیگر متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔ دہشت گردوں کی طرف سے پاکستان کی آئندہ نسلوں کو نشانہ بنانے کیلئے تعلیمی اداروں پر حملے خوفناک ہیں۔ امریکہ اپنے ملک کو خوشحال مستحکم اور محفوظ بنانے کی کوششوں میں پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔ امریکہ نے حکومت پاکستان کو تعلیمی اداروں اور بچوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کے خاتمے کی جدوجہد میں مدد کی پیشکش بھی کر دی۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جان کربی نے افغان امن عمل کے طویل اور مشکل ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے امریکہ کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیااور امریکا میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ایک بڑے حصے نے چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پرحملے کو دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کی موثر کارروائیوں کا رد عمل اور طالبان کے کمزور ہونے کی علامت قرار دیا ہے۔ دریں اثناء چین نے بھی باچا خان یونیورسٹی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ قومی سلامتی اور عوام کی بہتری کی کوششوں میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ممنون حسین کو اردن کے شاہ عبداللہ نے ٹیلی فون کیا۔ شاہ عبداللہ نے سانحہ باچا خان یونیورسٹی حملے کی مذمت کی۔ شاہ عبداللہ نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں اردن کے عوام پاکستان کے ساتھ ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف اسلامی دنیا کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔ شاہ عبداللہ نے مسلم امہ کے اتحاد کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔صدر نے شاہ عبداللہ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی اور سعودی عرب اور ایران کے درمیان امن کوششوں سے آگاہ کیا۔ جاپان کے وزیراعظم شینزو ایبے نے چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں بیگناہ انسانی جانوں کی شہادت پر دلی غم و رنج کا اظہار کیا ہے۔ فلپائنی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے بیان میں بھی کہا گیا کہ فلپائن دہشت گردوں کے حملے میں جان گنوانے والے شہریوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ہمدردی کرتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...