اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے این اے 153 ملتان میں جعلی ڈگری اور اثاثے چھپانے کے معاملے پر الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایک شخص ایف اے کئے بغیر بی اے اور ایم اے کیسے کر سکتا ہے؟ جعلی ڈگری کی قانون سازی کا مطلب ہے کہ پڑھے لکھے لوگ اسمبلی میں آئیں۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما این اے 153 ملتان سے ایم این اے منتخب ہوئے تھے، عام انتخابات میں دیوان عاشق نے 90 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے تھے، الیکشن ٹریبونل نے جعلی ڈگری کی بنیاد پر منتخب رکن قومی اسمبلی دیوان عاشق بخاری کو نااہل قرار دیا تھا۔