اسلام آباد (اے پی پی) انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی نے الیکشن کمیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کیلئے ٹینڈرز کیلئے وقت کا تعین کر کے کمیٹی کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کے حق کے حوالے سے آئندہ اجلاس میں بھی یہ معاملہ زیر غور لایا جائے گا۔ کمیٹی کا پہلا اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا جس کی صدارت کنوینئر ڈاکٹر عارف علوی نے کی جبکہ اجلاس میں وزیر مملکت انوشہ رحمن نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران نادرا اور الیکشن کمشن کی جانب سے کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی نے کمشن کو کہا وہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ٹینڈر کیلئے وقت کا تعین کر کے کمیٹی کو آگاہ کرے جبکہ الیکشن کمشن ایک حلقہ میں استعمال ہونے والی 400 مشینوں کی لاگت کے ساتھ ملک بھر میں تمام حلقوں کیلئے درکار 3 لاکھ مشینوں پر آنے والی لاگت سے بھی کمیٹی کو آگاہ کرے۔ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کے طریقہ کار سے متعلق تجاویز کمیٹی میں دی گئی ہیں۔ آئندہ اجلاس میں مزید پیش رفت ہو گی۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن ایڈووکیٹ نے بتایا نادرا الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے تکنیکی حل پر رضا مند ہو گیا ہے۔