اسلام آباد (آئی این پی) سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے غیر سرکاری ادارے ’’پلڈاٹ‘‘ نے گذشتہ ماہ کی جائزہ رپورٹ جاری کردی ،پاک فوج کے نئے سربراہ کی غیر معمولی سرگرمیوں کا احاطہ بھی کیا گیا ہے۔ گذشتہ ماہ کی جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ چیف آف آرمی سٹاف نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی قومی سلامتی کے معاملات پر انتہائی متحرک اور فعال اپروچ دکھائی جو ان کے عہدے کی متقاضی بھی ہے۔ جائزہ رپورٹ میں ان کے پاک فوج کے فارورڈ پوزیشنوں بالخصوص کورہیڈکوارٹرز کے دوروں کا ذکر بھی کیا گیا ہے جس کے دوران چیف آف آرمی سٹاف نے انتہائی اہم عوامی پیغامات دیئے،اسی طرح ضرب عضب آپریشن اور کراچی میں قیام امن کیلئے حاصل ہونے والی کامیابیوں کی آگے منتقلی اور پاک چین اقتصادی راہداری کی فول پروف سیکیورٹی کے عزم کا اظہار کیا گیا۔اس جائزہ رپورٹ میں نئے چیف آف آرمی سٹاف کی غیرملکی شخصیات سے ملاقاتوں کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف کے پہلے غیرملکی دوروں کو بھی اجاگرکیا گیا ہے جس کے مطابق جنرل قمرجاوید باجوہ نے سعودی عرب کا اپنا پہلا غیرملکی دورہ کیا۔ جائزہ رپورٹ میں فوجی بغاوت کے مقدمہ اور ای سی ایل سے نام نکالے جانے سے متعلق سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل (ر) پرویز مشرف کی ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے جس میںسابق آرمی چیف نے جنرل(ر) راحیل شریف پر انہیں پاکستان سے بیرون ملک جانے کیلئے کردار اداکرنے کے لگائے گئے الزام کا ذکر کیا ہے۔ جائزہ رپورٹ میں وزیراعظم محمد نوازشریف اور جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ون ٹو ون ملاقات کا بھی ذکر کیا گیا ہے جس میں قومی سلامتی اور پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ اس بات کا ذکر بھی کیا گیا ہے کہ اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت ملاقات بغیر وزیردفاع کے ہوئی۔