لوڈ شیڈنگ جاری، دھند سے گدو تھر مل پاور ہائوس کے5 یونٹ ٹرپ کر گئے

لاہور+ کراچی+ اسلام آباد (نامہ نگاران+ ایجنسیاں) لاہور، سوہدرہ، بصیرپور، ڈونگہ بونگہ، جہلم سمیت کئی شہروں میں بجلی اورگیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے جبکہ دھند کے باعث گڈو تھرمل پاور ہائوس کے 5 یونٹ ٹرپ کر گئے جس کے باعث سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ لاہور سمیت پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں غیر اعلانیہ لوشیڈنگ بڑھ گئی،شیڈول نظر اندازکردیا گیا، بجلی کئی کئی گھنٹے غائب رہنے لگی۔ لیسکو حکام کے مطابق انکے یومیہ بجلی کوٹے میں کمی کر دی گئی ہے جس کے باعث اضافی لوڈشیڈنگ کرنا پڑ رہی ہے۔ لیسکو صارفین کو ایک بار پھر گھنٹوں غیر اعلانیہ بجلی بندش کا سامنا ہے۔ لاہور میں شیڈول کو نظر انداز کرکے اضافی دو سے تین گھنٹے بجلی بند رہنے لگی، 3 کے بجائے 6 سے 8 گھنٹے بجلی غائب رہنے سے صارفین کی مشکلات بڑھ گئیں۔کمرشل صارفین کی مشکلات بھی کم نہیں ہیں، دوسری طرف دھند کی وجہ سے گدو تھرمل پاور ہائوس کے 5 یونٹ ٹرپ کرگئے جس کے باعث سندھ ،پنجاب اور بلوچستان کے مختلف شہروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔گدو تھرمل ذرائع کے مطابق ہفتہ کو گدو تھرمل پاور ہاوس کے یونٹ نمبر 5، 6، 7،8 اور 9 ٹرپ کر جانے سے کشمور، کندھ کوٹ، تنگوانی، ٹھل اور جیکب آباد کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان کے جعفر آباد،صوبت پور،نصیر آباد،بولان اور دیگر علاقوں کو بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ سوہدرہ سوئی گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشان اور خواتین کو کھانا پکانے اور سکول کے بچوں کیلئے ناشتہ تیار کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گیس کی بندش سے گھروں میں چولھے ٹھنڈے پڑ گئے۔ کئی کئی گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے عوام پانی سے بھی محروم ہو گئے۔ بصیرپور میں بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ پرصارفین سراپااحتجاج بن گئے ہیں۔ دن اور رات کے دوران ہرگھنٹے بعدایک گھنٹہ کیلئے بجلی بندرکھی جارہی ہے جس سے صنعتی، زرعی، تجارتی و گھریلو صارفین شدید مسائل کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ طلبہ و طالبات کی امتحان کی تیاری بھی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ علاوہ ازیں ڈونگہ بونگہ اور نواحی علاقوں میں بجلی کی کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ لوگوں کا کاروبار ٹھپ، محنت کش مزدور بے کار فاقہ کشی کا شکار ہوچکا ہے۔ جہلم شہر اور گردونواح میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کا نان سٹاپ سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے کاروباری افراد کے ساتھ ساتھ گھریلو صارفین بھی سخت پریشانی میں مبتلا ہیں سرکاری وپرائیویٹ اداروں مساجد اور گھروں میں پانی نایاب ہو چکا ہے تاجروں کے کاروبار تباہی کے کنارے پر پہنچ چکے ہیں گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بچے بڑے بغیر ناشتوں کے اداروں میں جانے پر مجبور ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ (کل ) پیر سے بدھ کے دوران بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش جبکہ کوئٹہ ، ژوب اورقلات ڈویژن کے پہاڑوں پر مزید برفباری کا امکان ہے ۔ منگل اور بدھ کے روز سندھ میں بھی کہیں کہیں بارش ہوگی۔ پیر سے جمعرات کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبرپی کے، کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا میں بیشتر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر مزید برفباری کا امکان ہے ۔منگل سے جمعرات کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، مری ،گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑوں پر مزید برفباری ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میںملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں بارشوں اور پہاڑوں پر مزید برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ منگل سے جمعرات کے دوران مری، گلیات سمیت پہاڑی علاقوں اور پیر سے بدھ کے دوران بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش جبکہ کوئٹہ، ژوب اور قلات ڈویژن کے پہاڑوں پر مزید برفباری ہوگی۔ منگل اور بدھ کے روز سندھ میں بھی کہیں کہیں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ پیر سے جمعرات کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبرپی کے، کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا میں بیشتر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر مزید برفباری ہوگی۔ منگل سے جمعرات کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑوں پر مزید برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہیگا۔گزشتہ چوبیس گھنٹے میں سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...