کلر سیداں (نامہ نگار) کلرسیداں میں دعوت ولیمہ کی ایک تقریب میں زہریلا کھانا کھانے سے 90 کے قریب افراد کو تحصیل ہیڈ کوراٹر ہسپتال کلر سیداں منتقل کر دیا گیا۔ جن میں 50 کے قریب خواتین ،بچے جبکہ 40 کے قریب نوجوان اور بوڑھے شامل ہیں جبکہ 16 سالہ فرید نامی نوجوان کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال لے جا یا جا رہا تھا کہ وہ راستہ میں ہی دم توڑ گیا۔ دلہا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کلر سیداں کے نواحی گائوں لونی جندراں میں سجاد الیاس کی شادی کے موقع پر لونی جندراں میں دعوت ولیمہ کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں چھ سو سے زائد افراد مدعو تھے جو کھانا کھانے کے بعد ان کی حالت غیر ہونا شروع ہو گئی جنہیں ٹی ایچ کیو ہسپتال اور نجی ہسپتالوں میں ابتدائی طبی امداد کیلئے پہنچادیا گیا جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا۔ دریں اثنا ڈی ڈی ایچ او کلر سیداں ڈاکٹر عابد شاہ اور فوڈ و سنٹری انسپکٹر راجہ عبدالجبار نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مرغی کے گوشت سمیت موٹے گوشت، میٹھے چاول، روٹی، کنوئیں کے پانی اور سٹول ٹیسٹ کے نمونے حاصل کر کے تجزیہ کیلئے لیبارٹری روانہ کئے جا رہے ہیں جس کے بعد ہی اصل صورتحال سامنے آئیگی۔ کلر سیداں پولیس نے لونی جندراں میں زہریلا کھانا کھانے کے نتیجہ میں متاثرہ شخص وقار ولد نذیر سکنہ لونی جندراں کے بیان کی روشنی میں دولہا سجاد کیخلاف زیر دفعہ 337 جے کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی تفتیش کے بعد دیگر ذمہ دران افراد کا تعین کیا جائیگا اور اس سلسلہ میں مزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔
کلرسیداں: دعوتِ ولیمہ میں زہریلا کھانا کھانے سے نوجوان جاں بحق، 90 کی حالت غیر
Jan 22, 2017