ترقی کیخلاف سازشیں ناکام رہیں گی‘حکومت کا دامن پاک دشمن بھی انگلی نہیں اٹھاسکتا:شہباز شریف

Jan 22, 2017

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چودھری احمد سعید کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی معاملات پربات چیت ہوئی۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت ہی ہمارا مشن ہے اور گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے بے پناہ محنت سے کام کیاگیا ہے اور ملک ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن ہوچکا ہے۔ رواں برس توانائی کے کئی منصوبے مکمل ہو ں گے اور ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی جس سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا۔ عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کے مخالف عناصر کے دھرنوں کے باعث توانائی منصوبوں میں تاخیر ہوئی جبکہ ماضی کی حکومت نے توانائی بحران کے حل کیلئے کوئی توجہ نہیں دی اور اپنی نااہلی، کرپشن اور غفلت کی بنا پر قوم کو اندھیروں میں رہنے دیا، اگرسابق حکمران بجلی بحران کے مسئلے سے نمٹنے پر توجہ دیتے توملک اندھیروں میں نہ ڈوبا ہوتا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے اور کوئی دشمن بھی حکومت پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور جب تک جان میں جان ہے عوام کی بے لوث خدمت کرتا رہوں گا۔ شہباز شریف اور گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، امن عامہ کی صورتحال اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی بے لوث خدمت ہے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی اورخدمت خلق ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے۔ شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں بلدیاتی حکومتوں کو مزید بااختیار بنانے کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ بلدیاتی نظام نچلی سطح پر عوام کے مسائل کے حل کیلئے انتہائی اہم ہے اورپنجاب میں بلدیاتی حکومتیں فعال ہو چکی ہیں۔ دانیال عزیز سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ وسائل قوم کی امانت ہیں اور اسے عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کرتے رہیں گے۔ میٹروبس سسٹم اور اورنج لائن میٹروٹرین جیسے منصوبے وسائل عوام پر صرف کرنے کی اعلیٰ مثالیں ہیں۔ مفاد عامہ کے منصوبوں پربلاجواز تنقید کرنیوالے عوام کی ترقی اورخوشحالی کے دشمن ہیں۔ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنیوالوں کو غریب عوام کی محرومیوں کا خاتمہ برداشت نہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کے مخالفین نہیں چاہتے کہ عوام خوشحال ہوںاور ملک ترقی کرے۔ سابق حکمرانوں نے عوام کو مسائل سے نکالنے کی بجائے لوٹ مار اورکرپشن کی وجہ سے ان کے مسائل میں اضافہ کیا۔ مٹھی بھر عناصر عام آدمی کی ترقی کی مخالفت کرتے رہیں، ہم عوامی خدمت کا بے لوث سفر جاری رکھیں گے۔ طلال چودھری سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ دھرنوں اور لاک ڈاؤن کے ذریعے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا سفر روکنے کی سازشیں پہلے بھی ناکام رہیں، آئندہ بھی ناکام رہیں گی۔ عوام نے شکست خوردہ عناصر کو ہر موقع پر رد کیا ہے۔

مزیدخبریں