پیر سے جمعرات کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور پہاڑوں پربرف باری کی پیش گوئی

ضلع غذر میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع جبکہ دیامر میں نانگاپربت ، بابوسر، بٹوگا اور نیاد ویلی کے پہاڑوں پر بھی برفباری ہوئی ہے۔شدید سردی سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔محکمہ موسمیات نےپیر سے جمعرات کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور پہاڑوں پربرف باری کی پیش گوئی کی ہے جبکہ بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ پہلے سے زیادہ شدید ہو گا.کراچی میں بھی منگل اور بدھ کو بارش کا امکا ن ہے۔سرما کی بارشوں کا تیسرا سلسلہ پیر سے شروع ہونے کا امکان ہے، مغربی ہوائوں کا فعال سلسلہ بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے۔پیر سے بدھ کے دوران خیبر پختونخوا کے اکثر مقامات پر بارش ہو گی، کوئٹہ، ژوب اور قلات ڈویژن کے پہاڑوں پر شدید برف باری کا امکان ہے۔ڈی جی محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول کے مطابق یہ سلسلہ جنوب سے شروع ہو رہا ہے ، پچھلے 2 سلسلوں میں برف باری زیادہ ہوئی ،اب بارش زیادہ ہو گی، مری گلیات, ہزارہ, مالاکنڈ ,کشمیر کے پہاڑوں پر برف باری ہو گی ۔ ڈاکٹر غلام رسول ڈی جی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل اور بدھ کو کراچی میں سرما کی دوسری بارش کا امکان ہے۔ بارشوں اور شدید برف باری کے پیش نظر خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اوربلوچستان کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن