آسٹریلیا نے چوتھے ون ڈے میں پاکستان کو 86 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 3-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان چوتھے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے 92 رنزکی شراکت داری کی، جس کے بعد حسن علی نے 30 رنز بنانے والے عثمان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ڈیوڈ وارنر نے کیریئر کی 12ویں سنچری مکمل کرنے کےساتھ ساتھ کپتان کےساتھ دوسری وکٹ کیلئے 120 رنز جوڑے۔وارنر دو چھکوں اور 12 چوکوں سے مزین 130 رنز بنانے کے بعد آوٹ ہوئے جبکہ حسن نے ایک رنز کے اضافے سے آسٹریلین کپتان کو بھی قابو کر لیا جو ایک رن کی کمی سے نصف سنچری مکمل نہ کر سکے۔نئے بلے باز ٹریوس ہیڈ اور گلین میکس ویل نے 64 گیندوں پر 100 رنز کی پارٹنرشپ قائم کر کے اپنی ٹیم کے 300 رنز مکمل کرائے۔ہیڈ چار چھکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر 51 رنز بنانے کے بعد رخصت ہوئے‘ گلین میکس ویل اننگز کی آخری گیند پر آو¿ٹ ہوئے تو 44 گیندوں پر 78 رنز بنا چکے تھے اور سکور بورڈ پر 353 رنز کا مجموعہ جگ مگا رہا تھا۔آسٹریلیا نے پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے 354 رنز کا مشکل ہدف دیا ہے جہاں آسٹریلین سرزمین پر آج تک کوئی بھی ٹیم اتنا بڑا ہدف حاصل نہیں کر سکی۔ حسن علی نے کیریئر میں پہلی مرتبہ پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا لیکن جنید خان اور محمد عامر کو مقررہ اوورز میں بالترتیب 82 اور 75 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی، عماد وسیم نے بھی نو اوورز میں 69 رنز دیے۔پاکستان نے اننگز شروع کی تو دو میچ بعد ٹیم میں واپس آنےوالے کپتان اظہر علی صرف سات رنز بنانے کے بعد جوز ہیزل وڈ کو وکٹ دے بیٹھے۔ بابر اعظم اور شرجیل خان نے 73 رنز کی شراکت قائم کر کے سکور کو 88 تک پہنچا دیا۔بابر 31 رنز بنانے کے بعد آو¿ٹ ہوئے لیکن شرجیل خان نے دوسرے اینڈ سے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی۔ایک ایسے موقع پر جب شرجیل مکمل سیٹ نظر آ رہے تھے کہ ٹریوس ہیڈ کی گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں ڈیوڈ وارنر کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 47 گیندوں پر تین چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے 74 رنز بنائے۔محمد حفیظ اور شعیب ملک وکٹ پر یکجا ہوئے تو دونوں نے سکور کو 183 تک پہنچا دیا لیکن اسی موقع پر حفیظ ایڈم زامپا کی وکٹ بن گئے۔حفیظ کے آو¿ٹ ہونے کے بعد رن ریٹ مزید گر گیا اور عمر اکمل کو رنز بنانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کے سبب مطلوبہ رن ریٹ بتدریج بڑھتے ہوئے دس تک پہنچ گیا۔بڑھتے رن ریٹ کے دباو¿ میں بڑے شاٹ کھیلنے کی کوشش میں شعیب ملک کو دو بار مواقع ملے لیکن وہ اس کا فائدہ نہ اٹھا سکے اور 47 رنز بنانے کے بعد آو¿ٹ ہوئے جبکہ عمر اکمل کی اننگز بھی 11 رنز پر تمام ہوئی۔پوری ٹیم 44ویں اوور میں 267 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ زامپا اور ہیزل وڈ تین تین وکٹیں حاصل کیں۔آسٹریلیا نے 86 رنز سے فتح کےساتھ ساتھ ہی سیریز بھی 3-1 سے اپنے نام کر لی۔اس سے پہلے دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے 3 ون ڈے میچز میں آسٹریلیا نے 2 جبکہ پاکستان نے ایک ون ڈے میچ جیتا ہے۔ آسٹریلیا نے مچل سٹارک اور ایڈم زامپا کو ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ پاکستان کے کپتان اظہر علی کی واپسی ہوئی۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری میچ 26جنوری کو کھیلا جائے گا۔