پاکستان بھارت نے بہت لڑلیا آو مل کر غربت بیماری کیخلاف لڑیں: مودی کا نیا پینترا

Jan 22, 2018

نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان نے بہت لڑ لیا، آئو ملکر غریبی اور بیماری سے لڑیں، اگر پاکستان اور بھارت غریبی اور بیماری سے ملکر لڑیں گے تو جلد جیتیں گے۔ مودی نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو تنہا کرنے کیلئے کام نہیں کر رہے بلکہ ہم دہشتگردی کے خلاف دنیا کو متحد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ ہمارا ملک دہائیوں سے دہشتگردی سے متاثر ہے، بھارت اور پاکستان نے بہت لڑ لیا آئو مل کر غریبی اور بیماری سے لڑیں اگر پاکستان اور بھارت غریبی اور بیماری سے مل کر لڑیں گئے تو جلد جیتیں گئے، یہ کہنا کہ ہماری خارجہ پالیسی پاکستان کے حوالے سے ہے غلط ہے، بھارت کی خارجہ پالیسی مسائل اور دنیا کے ساتھ تعلقات کے تناظر میں ہے، دہشتگردی کو دنیابھر میں ختم ہونے کی ضرورت ہے۔ اتوارکو بھارتی ٹی وی ’’ٹائمز نائو‘‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ یہ تجویز کہ ملک کی خارجہ پالیسی پاکستان پر مبنی ہے یہ غلط ہے لیکن دنیا کو دہشتگردوں کے ہمدردوں کے خلاف متحد ہونا چاہیے۔ اگر آپ سوچتے ہیں کہ ہم دنیا بھر میں ایک قوم کو الگ کرنے کے لئے بہت زیادہ کام کر رہے ہیں تو پھر یہ غلط ہے۔ جو دہشتگردوں کا ہمدرد ہے دنیا اس کے خلاف متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی خارجہ پالیسی مسائل پر مبنی ہے اور یہ دنیا کے ساتھ تعلقات کے تناظر میں ہے۔ نریندر مودی نے دہشتگردی کے خلاف آواز بلند کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تعریف کی اور کہا کہ میں ان کا خیر مقدم اور احترام کرتا ہوں جو دہشتگردی کے خلاف قدم اٹھاتے ہیں۔ نریندر مودی نے کہا کہ بھارت اور پاکستان نے بہت زیادہ لڑ لیا اب ہمیں غربت اور بیماریوں سے لڑنے کے لئے ایک ساتھ چلنا چاہیے۔ میں براہ راست پاکستان کے لوگوں سے بات کرتا ہوں کیا ہمیں غربت سے نہیں لڑنا چاہیے؟ کیا ہمیں ناخواندگی سے نہیں لڑنا چاہیے؟ کیا ہمیں بیماریوں سے نہیں لڑنا چاہیے ؟ اگر ہم ایک ساتھ مل کر لڑیں گے تو جلدی جیت جائیں گے۔ بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف مضبوط موقف اپنانے پر اسرائیلی وزیر اعظم کی تعریف کا شکر گزار ہوں۔ انسانیت بہت بہت خطرے میں ہے۔ انسانیت کو بچانے کے لئے یہ ضروری ہے کہ جو طاقتیں انسانیت پر یقین رکھتی ہیں وہ متحد ہو جائیں اور میرا خیال ہے کہ یہ لڑائی انسانیت کو بچانے کے لئے ہے۔

مزیدخبریں