سیالکوٹ/ اسلام آباد/ ڈونگی (نامہ نگار + سٹاف رپورٹر + آئی این پی) بھارتی سکیورٹی فورسز نے 36 گھنٹے کے وقفہ کے بعد ورکنگ بائونڈری لائن پر دوبارہ فائرنگ اور گولہ باری شروع کر دی جس کا رینجرز نے بھی منہ توڑ جواب دیا۔ بی ایس ایف کی طرف سے بجوات، باجڑہ گڑھی، ہرپال سیکٹروں کے سرحدی دیہات پر شدید فائرنگ اور گولہ باری کی گئی۔ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ بجوات کے علاقہ کھوجے چک میں بھارتی بم گرنے سے زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں 28 سالہ شہربانو ذہنی توازن کھو بیٹھی۔ آئی این پی کے مطابق لائن آف کنٹرول کھوئی رٹہ سیکٹر پر بھارتی افواج کی بلااشتعال گولہ باری جاری رہی جس سے پانچ افراد زخمی ہو گئے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول کھوئی رٹہ سیکٹر کے سرحدی گائوں کینٹھی، ٹائیں، بھینسا گالہ، موہڑہ، چتر پر انڈین آرمی نے بلااشتعال گولہ باری کی اور سول آبادی کو نشانہ بنایا جس سے کنیز زوجہ اقبال، حمزہ بابر، فوزیہ، سونیا نثار، اقصیٰ زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو کھوئی رٹہ ہسپتال لایا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرزہسپتال کوٹلی ریفر کر دیا گیا۔ جہاں حالت ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ پاک فوج نے بزدل دشمن کے خلاف بھرپور کارروائی کی اور دشمن کی گنوں کو خاموش کرا دیا۔ دوسری جانب بھارتی ڈپٹی کمشنر جے پی سنگھ کو رواں ہفتے 5ویں بار دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ حوالے کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے بھارت کی جانب سے سیزفائر کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا گیا جب کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دیئے گئے مراسلے میں بھارتی حکومت سے جنگ بندی اور عالمی معاہدوں پر پابندی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فورسز نے گزشتہ روز بھی ایل او سی کے نکیال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی۔ گزشتہ روز بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے 4 افراد شہید ہوئے تھے۔