سیالکوٹ‘ پسرور: ڈی جی رینجرز کا دورہ ورکنگ باﺅنڈری‘ جوانوں سے ملاقات‘ شہدا کے ورثا سے تعزیت

Jan 22, 2018

سیالکوٹ ‘پسرور (نامہ نگاران) ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات نے گزشتہ روز چاروہ سیکٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے بھارتی فوج کی شیلنگ اور فائرنگ سے شہید ہونے والے افراد کے ورثا سے اظہار تعزیت کیا، رینجرز کے جوانوں سے ملاقات اور اگلی پوسٹوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کی بلااشتعال فائرنگ اور شیلنگ کا جواں مردی سے مقابلہ کرنے پر ورکنگ باﺅنڈری کے قریبی دیہات کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈی جی رینجرز نے کہا کہ پاکستانی قوم اس عہد کے ساتھ پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اللہ اور رسول کے نام پر بننے والے عظیم وطن کے دفاع کے لیئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ ڈی جی رینجرز نے پاک آرمی کے ریٹائرڈ میجر جنرل نور حسین کے ساتھ بھی ملاقات کی، ان کے ہمراہ ورکنگ باﺅنڈری کے قریب واقع دیہات میں لوگوں کی خیریت دریافت کی ۔دریں اثنا گزشتہ روزبھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے 7شہدا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، اس موقع پر ہزاروں لوگوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی جبکہ نقل مکانی کرنے والے لوگ اپنے گھروں کو واپس آنا شروع ہوگئے۔
سیالکوٹ/ دورہ

مزیدخبریں