لاہور (خصوصی رپورٹر) باب پاکستان کی افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کے خطاب میں پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری کو تنقید کا نشانہ بنانے پر پیپلز پارٹی کے رہنما سیخ پا ہو گئے ہیں اور انہوں نے شہباز شریف پر تابڑ توڑ حملے شروع کر دیئے ہیں۔ پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ قوم شوباز شریف کی شو بازیوں سے اچھی طرح واقف ہے۔ لوگوں کو پتہ ہے کہ کون ٹوپیاں پہن کر ٹوپی ڈرامے کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب شہباز شریف کے گھر پہنچنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں سوئس بنکوں میں آصف زرداری کے پیسے پڑے تھے تو واپس کیوں نہیں لائے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اپنے بھائی اور ان کے بچوں کی دولت کی فکر کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی تقریر کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مال روڈ پر اپوزیشن ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے خون کا حساب لینے جمع ہوئی۔ ماڈل ٹاؤن اور جاتی امراء کے محلات کے علاوہ ہر جگہ آج بھی اندھیرے ہیں۔ شہباز شریف میرے گاؤں سمیت کہیں بھی جائیں آپ کو لوڈ شیڈنگ کا پتہ لگ جائے گا۔ شہباز شریف آپ کو ماڈل ٹاؤن اور قصور کے شہداء کے خون کا حساب دینا ہو گا۔ پانچ فروری کو شہباز شریف کو موچی گیٹ میں ہر سوال کا جواب دیں گے۔ دامن صاف ہے تو حدیبیہ ریفرنس میں ٹیکنیکل بنیادوں کا سہارا کیوں لے رہے ہیں۔ شہباز شریف خود کو پہلے حدیبیہ کی تحقیقات کیلئے پیش کریں پھر باتیں کریں۔پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر عاجز دھامرا نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی طرف سے آصف علی زرداری کے خلاف کی باتوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیران کن بات یہ ہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف ایسا شخص لب کشائی کر رہا ہے جس کو وزیراعلیٰ ہائوس کی بجائے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کا منظر قوم نہیں بھولی کہ کس طرح نہتے لوگوں کا قتل عام ہوا۔