لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+سٹاف رپورٹر )وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے معروف ایٹمی سائنسدان اور پاکستان اٹامک انرجی کمشن کے چیئرمین ڈاکٹر اشفاق احمد خان کی وفات پر اپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر اشفاق احمد کی خدمات پر پاکستان کا ہر شہری ان کا مقروض ہے، پاکستان کو جوہری صلاحیت دینے میں ڈاکٹر اشفاق احمد خان کا کردار بہت اہم ہے۔ گزشتہ روز وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ڈاکٹر اشفاق احمد خان کی وفات پر ان کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم کی جانب سے ڈاکٹر اشفاق احمد خان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو جوہری صلاحیت دینے میں ڈاکٹر اشفاق احمد خان کا کردار اہم ہے، جس سے مادر وطن کا دفاع نا قابل تسخیر ہوا، پاکستان کا ہر شہری ڈاکٹر اشفاق احمد کی خدمات پر ان کا مقروض، ان کی وفات پر پوری قوم غمزدہ ہے۔ اسلام آبادسے آن لائن کے مطابق نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر اشفاق احمد کو سرکاری اور فوجی اعزازات کے ساتھ اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد سپردخاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز، سینیٹر فرحت اللہ بابر سمیت اعلیٰ سول اور فوجی حکام، سائنسدانوں‘ وکلاء اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔