اوکاڑہ(نامہ نگار)تھانہ شیر گڑھ کی حدود میں نا معلوم لڑکی کو نامعلوم افراد نے قتل کرنے کے بعد نعش کو بریف کیس میں بند کرنے کے بعد پٹرول چھڑک کر جلا ڈالا۔ ہلاک ہونیوالی لڑکی سے مبینہ زیادتی کا خدشہ ہے۔ پولیس نے نعش کو پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کرکے تحقیقات شروع کر دی۔ ایس ایچ او تھانہ شیر گڑھ فرخ شہزاد کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ 21ڈی کے قریبی پلی کے نیچے بڑے سوٹ کیس میں جو کہ جلا ہوا تھا ایک نا معلوم لڑکی کی نعش ملی جسے جانور بری طرح سے نوچ رہے ہیں، پولیس نے موقع پر پہنچ کر نامعلوم لڑکی کی نعش جس کے ہاتھ پائوں پہلے سے کٹے تھے اپنی زیر نگرانی ہسپتال منتقل کیا جہاں پوسٹمارٹم کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ ڈی پی او حسن اسد علوی نے نا معلوم لڑکی کی جلنے والی نعش ملنے کا سخت نوٹس لیتے ڈی ایس پی انعام الحق کو ہدایت کی کہ نا معلوم لڑکی کے ورثا کی تلاش کے لیے مقامی علاقوں کی مساجد میں اعلانات کروائے جائیں اس کی وجوہات معلوم کرنے کے بعد اس میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔