مظفرآباد (آن لائن) صدر ِ آزادکشمیرنے قانون ساز اسمبلی آزادکشمیر کا اجلاس کل منگل کو مظفرآباد میں طلب کرلیا ۔ اجلاس میں قصور میں انسانیت سوز7 سالہ زینب کے ساتھ زیادتی اور قتل پرمذمتی قرارداد کے علاوہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر قراردارپیش کرنے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق صدر ِ آزادکشمیر مسعود خان نے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 23جنوری صبح 10بجے کمیٹی ہال وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں طلب کرلیا ، اجلاس میں قصور میں ہونے والے انسانیت سوز واقعے جس میں 7سالہ زینب کے ساتھ زیادتی اور قتل کرنے کے خلاف متفقہ طور پر مذمتی قرارداد پیش کی جائے گی جبکہ بھارت کی جانب سے نکیال، تتہ پانی سمیت دیگر مقامات پر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے خلاف باقاعدہ قرارداد بھی پیش کرنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جس کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔