ساہیوال (نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت)کراچی میں ڈاکو قرار دے کر جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک کئے جانے والے نوجوان مقصود کی لاش گزشتہ روز ساہیوال کے گائوں چک 84/5.Lمیں پہنچی تو سینکڑوں دیہاتیوں نے سندھ پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔ مقتول مقصود کی 20 روز بعد شادی تھی۔ مقتول مقصود کے باپ شیر محمد نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد شاہ، وزیر داخلہ سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا انہوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کی شہید وزیراعظم بینظیر بھٹو کو ووٹ دیئے پیپلز پارٹی کے دور میں اتنی بڑی ناانصافی پولیس کے ذمہ داروں، اہلکاروں کو گرفتار کیا جائے اور سخت سزا دی جائے۔ وزیراعظم، وزیر داخلہ آرمی چیف اور چیف جسٹس سپریم کورٹ نوٹس لیں اور مظلوم خاندان کو انصاف دیا جائے مقتول مقصود کی منکوحہ نسرین جس کی بیس یوم بعد رخصتی تھی نے بھی شدید احتجاج کیا ہے۔