امریکی اداکارہ لنڈسے لوہان نے سعودی عرب میں فلم بنانے کا اعلان کردیا

کراچی (نیٹ نیوز) سعودی عرب سینما گھروں پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد ہالی وڈ کے فلم میکرز اور آرٹسٹوں کی توجہ کا مرکزبن گیا ہے۔ اس بات کا ایک تازہ ثبوت یہ بھی ہے کہ امریکی اداکارہ، ماڈل، سنگر اور فیشن ڈیزائنر لنڈسے لوہان نے اپنی نئی فلم سعودی عرب میں بنانے کا اعلان کیا ہے۔ ٹی وی شو ’وینڈی ولیمز‘ میں لنڈسے نے بتایا کہ ان کی آنے والی فلم ’فریم‘ ایک امریکی فوٹو گرافر کی کہانی ہے جو اپنے شوہر کو امریکا میں چھوڑ کر خود سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض منتقل ہو جاتی ہے اور وہاں کے کلچر کو سمجھنے اور جاننے کی کوشش کرتی ہے۔ ریاض میں اس کی ملاقات خواتین کے ایک گروپ سے ہوتی ہے جن میں سے ہر ایک کی زندگی کے رنگ دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں۔ ان خواتین کی مدد سے اسے مقامی کلچر اور روایات کو جاننے کا موقع ملتا ہے۔ لنڈسے لوہان نے گزشتہ سال دسمبر میں سعودی عرب میں سینما گھروں پر پابندی کے خاتمے کے حق میں ٹوئٹ بھی کیا تھا اور لوگوں پر زور دیا تھا کہ وہ بھی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

ای پیپر دی نیشن