کراچی (سٹاف رپورٹر) گو رنر سندھ محمد زبیر نے کہاہے کہ کراچی میں حالیہ پولیس مقابلوں اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے حوالے سے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی آئندہ ہفتے کراچی کا دورہ کریں گے۔ایک انٹرویومیں گور نر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ بہت اچھے انسان ہیں اور سندھ کی ترقی کے لیے ان کی سوچ اچھی ہے، میری اور ان کی جب ضرورت ہو ملاقات ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کوئی بھی صوبہ ہو اس کے اپنے حقوق ہیں اور عدالتوں کو بھی اس حوالے سے دیکھنا چاہیے ،وزیر اعلیٰ سندھ کے اہم عہدوں پر تقرریوں سے متعلق خدشات کی حمایت کرتا ہوں۔متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے رہنما حسن ظفر عارف کی پراسرار ہلاکت اور کراچی میں پولیس کے حالیہ مبینہ مقابلوں کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا میں نے اس سلسلے میں آئی جی سندھ کو ملاقات کیلئے طلب کیا ہے ٗ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بھی آئندہ ہفتے کراچی کا دورہ کریں گے جس دوران ممکنہ طور پر ان کی سربراہی میں سکیورٹی حکام کا اجلاس ہوگا۔کراچی ملک کا معاشی حب ہے، کراچی میں سرمایہ کاری نہیں ہوگی تو پاکستان ترقی نہیں کریگا۔
پولیس مقابلے، وزیراعظم آئندہ ہفتے کراچی کا دورہ کرینگے:گورنر سندھ
Jan 22, 2018