اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس آج شام ہوں گے۔ دونوں ایوانوں کو کراچی میں نقیب اللہ محسود کے پولیس کے ہاتھوں قتل کے واقعہ اور متعلقہ پولیس افسر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔ سینٹ میں نجی کارروائی کا دن ہے سینٹ اجلاس کا 47 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ ایوان بالا میں وزیر داخلہ سے لا پتہ افراد کے معاملے پر بھی رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔ حکومتی اتحادی سینیٹر مولانا حافظ حمد اللہ تعلیمی نصاب میں ’’ عقیدہ ختم نبوت ‘‘ شامل کرنے کی قرار داد پیش کریں گے۔ سینٹ کا اجلاس تین بجے جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس شام چار بجے شروع ہو گا ۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ملک کے مختلف حصوں میں شہریوں کوقانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں تشددکے واقعات پر بحث ہو گی ۔ نقیب اللہ محسود کے قتل کی تحقیقاتی رپورٹ سندھ حکومت سے منگوائی گئی ہے دریں اثنائسینیٹ کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اہم اجلاس چیئرمین رضاربانی کی صدارت میں آج (پیر کو)پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا، جلدرخصت ہونے والے ارکان سینیٹ کی پذیرائی کیلئے سرگرمیوں کی منظوری دی جائے گی ۔ ایڈوائزری کمیٹی کے گزشتہ فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی جائے گی 272سیشن کے اوقات کار طے کئے جائیں گے اجلاس کے دستیاب ایجنڈے کے مطابق قواعدوضوابط میں ترامیم پر غور کیا جائے گا۔ سینیٹ کے پارلیمانی سال اور ارکان کی تین سالہ مدت کی تکمیل کے حوالے سے تقریب کی منظوری دی جائے گی ۔ تقریب کے ذریعے رخصت ہونے والے ارکان سینیٹ کی پذیرائی کیلئے اہم سرگرمیاں ہوں گی انتہائی پرتپاک طریقے سے انہیں رخصت کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ ہائوس کے وسیع سبزہ زار میں یادگاری گروپ فوٹوبنے گا۔وفاقی وزراء شیخ آفتاب احمد اور چوہدری بشیر ورک حکومتی نمائندگی کیلئے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوں گے ۔سینیٹ میں حکومت اپوزیشن کے نمائندے آج سے شروع ہونے والے سیشن کے ایجنڈے کے بارے میں تجاویز پیش کریں گے اور باہمی مشاورت سے سینیٹ اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی جائے گی ۔