ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ سے 3 خواتین سمیت 4 افراد زخمی؛ سیز فائر معاہدہ پر پابندی کو کمزوری نہ سمجھیں، مہم جوئی کا بھر پور جواب دیا جائیگا: آرمی چیف

Jan 22, 2018 | 21:36

ویب ڈیسک

 آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری کا دورہ کیا اور سی ایم ایچ سیالکوٹ میں بھارتی شیلنگ کا نشانہ بننے والے زخمیوں کی عیادت کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی اشتعال انگیز فائرنگ کا بھرپور اور موثر جواب دینے پر جوانوں کو سراہا اور جوانوں، شہریوں کے بلند حوصلے کی تعریف کی۔ انہوں نے ایل او سی پر حفاظتی اقدامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اور شہری آبادی کیلئے حفاظتی شیلڈ کی تعمیر کی بھی ہدایت کی۔ آرمی چیف کو بھارتی سیزفائر کی خلاف ورزیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا 2003ءکے سیز فائر معاہدے کی پابندی کے ہمارے عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ بھارتی جارحیت یا کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ سول آبادی کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔

ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ سے 3 خواتین سمیت 4 افراد زخمی

سیالکوٹ ورکنگ باﺅنڈری لائن کے چپراڑ‘ سجیت گڑھ سیکٹروں پر جاری بھارتی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے تین خواتین سمیت چار شہری زخمی ہو گئے۔ پنجاب رینجرز نے بھارتی فائرنگ و گولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا۔ بھارتی سکیورٹی فورسز نے رات کو بجوات‘ چپراڑ‘ باجرہ گڑھی‘ہرپال اور چاروا سیکٹروں پر ورکنگ باﺅنڈری لائن پر چناب رینجرز کی چوکیوں کے علاوہ پاکستانی دیہاتوں کو نشانہ بنایا اور بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کی اور درجنوں کی تعداد میں مارٹر گولے برسائے جو لوگوں کے گھروں اور دیگر املاک کے علاوہ کھیتوں میں گرے۔ بھارتی بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری سے پاکستانی دیہات کرلوپ کی پچاس سالہ سفواں بی بی‘ 25 سالہ تنزیلہ‘ 35 سالہ آسیہ بی بی اور اٹھارہ سالہ ذیشان ذوالفقار زخمی ہوئے جنہیں سی ایم ایچ کینٹ منتقل کر دیا گیا۔ اسلام آباد سے سٹاف رپورٹر کے مطابق لائن آف کنٹرول جیر کوٹ آزادکشمیر جموں و کشمیر میں فوجی افسروں‘ جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیردفاع خرم دستگیر نے کہا پاکستان دشمن کی جارحیت کو روکے گا اور اپنے شدید ردعمل کا مظاہرہ کرے گا۔ ہمارے سپاہیوں اور شہریوں کی قربانیوں نے قوم کو مضبوط بنایا اور ہر قیمت پر آزادی کا دفاع کیا ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی آزادی اور حق خودارادیت کیلئے اپنی سیاسی‘ سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ وفاقی وزیر نے فوجیوں کی اہلیت اور عزم کو سراہا اور کہا پاکستانی قوم ہر فوجی کے پیچھے کھڑی ہے جو اپنی سرحدوں کا دفاع کرتا ہے۔ وفاقی وزیر نے 2017ءمیں بھارت کی جانب سے بار بار شہریوں پر تشدد اور سیزفائر کی خلاف ورزی کی مذمت کی۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ نے وزیردفاع کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر تفصیلات بتائیں کہ 2017ءمیں بھارت کی سیز فائر کے خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ پاک آرمی کے پیشہ ورانہ ردعمل اور طاقت میں اضافہ ہوا ہے اور ان علاقوں میں پاک فوج نے سماجی شراکت میں حصہ لیا۔ کمانڈر 10 کور نے وفاقی وزیر کو لائن آف کنٹرول کے تمام بڑے سیکٹرز کے بارے میں تفصیلی طورپر بتایا اور چیرکوٹ میں ان کے ہمراہ رہے۔

مزیدخبریں