ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرورکی چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے ملاقات

لاہور( سپورٹس رپورٹر ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کی پیر کے روز قذافی سٹیڈیم میں ملاقات ہوئی جس میں کرکٹ کے فروغ کے لئے مل کر کام کرنے اور سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے کرکٹ کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بتایا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے مختلف اضلاع میں سٹیٹ آف دی آرٹ سٹیڈیم بنائے ہیں جن میں جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں،بعض گرائونڈز میں فلڈ لائٹس بھی لگائی گئی ہیں ، کھلاڑیوں کے لئے پویلین سمیت تمام سہولتیں مہیا کی ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ اور سپورٹس بورڈ پنجاب اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کا وسیع انفراسٹرکچر ہے جس کا فائدہ نوجوان کھلاڑیوں کو پہنچنا چاہئے، سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان کرکٹ بورڈ مل کر گراس روٹ لیول پر کرکٹ کو فروغ دے کر نیا ٹیلنٹ سامنے لا سکتے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس کمپلیکس گریٹر اقبال پارک اور پنجاب سٹیڈیم میں 10،10کرکٹ کی پریکٹس پچز تیار کرے گا جس سے کھلاڑیوں کو پریکٹس کرنے کے لئے بہترین سہولت میسر آجائے گی۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل آپریشنز ذاکر خان سے بھی ملاقات کی اور کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

ای پیپر دی نیشن