لاہور(نیوزرپورٹر، نوائے وقت رپورٹ)ساہیوال کے افسوسناک واقعہ میں زخمی ہونے والے بہن بھائی کو صحت یابی کے بعد لاہور جنرل ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔گزشتہ روز پرنسپل پروفیسر محمد طیب کی موجودگی میں 6رکنی میڈیکل بورڈ نے ان بچوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں جسمانی طور پر فٹ قرار دے کر گھر بھیجنے کی سفارش کی۔بچوں کے عزیزواقارب نے تسلی بخش علاج معالجے اور خصوصی دیکھ بھال کرنے پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ پروفیسر محمد طیب نے بچوں کے عزیز و اقارب کو یقین دلایا عمیر خلیل اور منیبہ خلیل کی مکمل نفسیاتی دیکھ بھال کیلئے لیڈی ڈاکٹر تعینات کر دی گئی ہے جو روزانہ اُن کے گھر جا کر بچوں کی نفسیاتی طور پر کونسلنگ کریں گی تاکہ ان دونوں بچوں کو اس ذہنی صدمے سے نکالا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا آئندہ بھی ن بچوں کو میڈیکل چیک اپ کی ضرورت ہوئی تو فوری طور پر ہسپتال انتظامیہ سے رابطہ کریں انہیں گاڑی کے ذریعے لانے اور لے جانے کا بندو بست کیا جائے گا۔انہوں نے بچوں کے عزیز و اقارب کواپنے بھرپور تعاون کی پیشکش کی۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سانحہ ساہیوال کی ابتدائی تفتیش کے کچھ حقائق سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی نے معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ سی ٹی ڈی نے اس کیس میں پیشہ ورانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔ غفلت کے مرتکب سی ٹی ڈی اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کئے جانے کا امکان ہے۔ جے آئی ٹی مکمل حقائق پر مبنی رپورٹ آج شام تک تیار کرلے گی۔