اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ میں بیوی کی قابل اعتراض تصویر انٹرنیٹ پر ڈالنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے بیوی کی طرف سے شوہر ندیم کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے دائر درخواست مسترد کر دی۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ تصویر میں ملزم خود بھی موجود ہے، اپنی فحش تصویر کوئی خود لگا کر اپنی ہی بے عزتی تو نہیں کرتا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہائیکورٹ نے ملزم کو ضمانت پر رہا کر دیا ہے، تصویر میں ملزم خود بھی موجود ہے، اپنی فحش تصویر کوئی خود تو نہیں لگاتا، کوئی اپنی بے عزتی خود تو نہیں کرتا۔ عدالت نے کہا کہ درخواست گزار اور ملزم کے درمیان خاندانی اور کاروباری تنازعات چل رہے ہیں، خاتون نے الزام لگایا کہ شوہر نے اس کا ای میل ہیک کیا ہے جبکہ ہائیکورٹ نے فیصلے میں کہا کہ ہیکنگ کا کوئی ثبوت نہیں ملا، عدالت نے کہا کہ استغاثہ ثابت کرنے میں ناکام رہا کہ ای میل ہیک ہوا، ملزم ندیم کی تفتیش کی کوئی ضرورت نہیں، درخواست گزار اور ملزم لاہور میں ایک مشہور سکول کے مالک ہیں۔
درخواست مسترد
اہلیہ کی قابل اعتراض تصویر نیٹ پر ڈالنے والے کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست مسترد
Jan 22, 2019