اسلام آباد(نیوزرپورٹر) سینٹ میں سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی اور پیپلز پارٹی کے رہنما ملک حاکمین خان کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ ایوان نے ملک حاکمین خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اتفاق رائے سے قرارداد کی بھی منظوری دی۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر مشتاق احمد خان نے چیئرمین سینیٹ کی ہدایت پر فیصل رضا عابدی اور ملک حاکمین خان مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دعا کرائی۔ سینیٹر خوش بخت شجاعت نے علی رضا عابدی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔ سینیٹر عبدالرحمان ملک نے سینیٹر ملک حاکمین خان کی سیاسی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے قرارداد پیش کی جس کی ایوان نے اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔