خرطوم (این این آئی)سوڈان کے صدرعمر البشیر نے کہا ہے کہ مظاہرین میں موجود تخریب کار عناصر ہی مظاہرین کو قتل کررہے ہیں تاکہ ملک میںافراتفری پھیلائی جاسکے۔اسلامی دشمن قوتیں سوڈان کا امن واستحکام تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اپنے حامیوں کے ایک اجتماع سے خطاب میں صدر البشیر نے کہا کہ اسلام دشمن طاقتیں سوڈان کے نوجوانوں کو اجرتی قاتل بنا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب سے انہوں نے اقتدار سنھبالا اقتدار کے اصول تبدیل نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اور تخریب کار عناصر مظاہرین کی صفوں میں موجود ہیں جو ایسے اسلحہ کا استعمال کررہے ہیں جو فوج اور پولیس کے پاس نہیں۔صدر البشیر نے الزام عاید کیا کہ مظاھرین میں گھسے اجرتی قاتلوںنے خرطوم میں ایک ڈاکٹر کو گولیاں مار کر قتل کیا۔ دارفر سے ایک باغی گروپ کے عناصر کو حراست میں لیا گیا۔ تحقیقات کے دوران انہوںنے مظاہرین کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔صدر عمر البشیر نے کہا کہ سوڈان میں عوام اظہار رائے کے لیے سڑکوں پرنکلے۔ یہ ان کا بنیادی حق ہے مگر ان میں تخریب کار اور باغی گھس گئے جو افراتفری پھیلا رہے ہیں۔