لاہور(کلچرل رپورٹر) میوزک انڈسٹری میں 30سال مکمل ہونے پر پاکستان کے معروف ، ہر دل عزیز بینڈ’اسٹرنگز‘ نے 7واں گانا ریلیز کردیا ہے۔ گانا’نینا‘ان کے چھٹے ایلبم ’30‘ سے لیا گیا ہے، ایلبم کا نام اسٹرنگز کی 30سال سے میوزک سے وابستگی کی نسبت سے رکھا گیا ہے جسے رواں سال بے حد پزیرائی ملی۔ اسٹرنگز نے نئے سال کے آغاز پر 7ویں ٹریک ’نینا‘ ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں فیصل کپاڈیا اور سونا ماہاپترا اپنی آواز کا جادو جگائیں گے، جبکہ گٹار سے معروف بلال مقصود سر بکھیریں گے۔ گانے کے اشعار حضرت امیر خسروؒ کے ہیں جس میں انور مقصود نے بھی اضافہ کیا۔ یہ گیت مسرور کن موسیقی اور کلاسیکی موسیقی کا ملاپ ہے۔گانے کی دھن کو ترتیب دیا ہے ایم اسحاق نظیر نے اور اس کی دلکش وڈیو کو سہیل جاوید نے استنبول میں فلمایا ہے۔ نینا اشعار اور سروں کا ایک روحانی امتزاج ہے جو میلوں دور محبت کی یاد کا احساس دلاتا ہے اسٹرنگز نے 2018میں اپنی موسیقی اور کامیاب فنی سفر کے 30سال مکمل ہونے پر اس میوزک ایلبم 30کا اعلان کیا تھا، یہ سفر ’سجنی‘ سے شروع ہوا پھر اس کے بعد کامیاب گیتوں کی ایک لمبی فہرست جس میں اُڑجاؤں، پیا رے، مل گیا، چل پڑا سر فہرست ہیں۔
میوزک انڈسٹری میں 30 برس مکمل ہونے پر ’’اسٹرنگز‘‘ کا گانا ریلیز
Jan 22, 2019