برسبین (اے پی پی) آسٹریلیا اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 24 جنوری سے شروع ہوگا۔ بھارت کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد آسٹریلوی ٹیم کو اب سری لنکا کا چیلنج درپیش ہے اور سری لنکن ٹیم بھی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکستوں کے بعد کینگروز پر وار کرنے کیلئے تیار ہے جبکہ دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم بھی بھارت سے ناکامیوں کا سارا غصہ سری لنکا پر اتارنے کیلئے پر جوش ہے اس لئے دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔ سری لنکن ٹیم کے لئے بری خبر یہ ہے کہسری لنکن فاسٹ بائولر نووان پرادیپ فٹنس مسائل کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ وہ کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف پریکٹس میچ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری میں مبتلا ہوئے تھے۔ سری لنکا کرکٹ نے پرادیپ کے آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے دستبردار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں گریڈ ون سٹرین کی تشخیص ہوئی ہے اور ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے اسلئے وہ کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔